حکومت کی عدم دلچسپی کے سبب پاکستان سے یوتھ ٹائٹل واپس لے لیا گیا، عثمان وزیر

July 02, 2024

پاکستان کے مایہ ناز باکسر عثمان وزیر نے کہا ہے کہ حکومت کی عدم دلچسپی کے سبب ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن (ڈبلیو بی او) نے پاکستان سے یوتھ ٹائٹل واپس لے لیا۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے باکسر عثمان وزیر نے 27 جون کو بنکاک میں تھائی لینڈ کے باکسر کو ناک آؤٹ کرکے اپنی 13ویں باؤٹ جیتی۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ وسائل کی کمی اور حکومت پاکستان کی عدم دلچسپی کے سبب وہ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے یوتھ ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکے اور ان کا اعزاز بغیر دفاع کیے واپس ہوگیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ”اسکور“ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی پی سی وزیر رانا ثناءاللّٰہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی بات کرتے ہیں لیکن وہ سوال کرنا چاہتے ہیں کہ ان کےلیے حکومتی سطح پر کچھ نہیں ہوا جس کے سبب وہ 6 جولائی کو مصر کے باکسر کے خلاف ورلڈ یوتھ ٹائٹل باؤٹ کےلیے رنگ میں نہ اتر سکیں گے اور ان سے ورلڈ ٹائٹل واپس لے لیا گیا۔

عثمان وزیر نے کہا کہ وہ بہت مایوس ہیں، انہیں بہت دکھ ہے کہ انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا لیکن ان کی پذیرائی دور کی بات انہیں حکومت کی سرپرستی بھی نہیں مل رہی۔

انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ ان کےلیے سوچیں، وہ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر باکسنگ کے ذریعے سر بلندی چاہتے ہیں۔