اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر علامتی احتجاجی اجلاس

July 03, 2024

تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر اپوزیشن نے علامتی احتجاجی اجلاس منعقد کیا ہے جس کے دوران ارکانِ اسمبلی نے بانیٔ پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔

علامتی احتجاجی اجلاس کے سلسلے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اسمبلی گیٹ پر پہنچ گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ہمارے ارکان کی رکنیت جب تک بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔

ایم پی اے اعجاز شفیع نے میڈیا کو بتایا کہ احتجاجی اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جیتنے والے ارکان سے حلف لیا جائے گا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت دیگر رہنما بھی اسمبلی گیٹ پر موجود تھے۔

اسمبلی کے گیٹ پر اپوزیشن نے کرسیاں لگا دیں جہاں اپوزیشن کے ارکانِ پنجاب اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں کی آمد جاری ہے۔

پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔