وفاقی اردو یونیورسٹی میں چار ماہ میں تین رجسٹرار، غیر تدریسی شعبے سے خاتون کا تقرر

July 02, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں ایک بار پھر رجسٹرار تبدیل کردیا گیا ہے اور اردو یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٖغیر تدریسی شعبے سے تعلق رکھنے والی خاتون کو قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا گیا ہے اس سے قبلتدریسی شعبہ کی پروفیسر روبینہ مشتاق قائم مقام رجسٹرار رہ چکی ہیں۔ضمرہ ضمیر بنیادی طور پر ڈپٹی رجسٹرار ہیں جن کی تقرری کا نوٹفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ضابطہ خان شنواری کے چار ماہ کے دوران یہ تیسرا رجسٹرار ہے، پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے رواں سال چار مارچ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا تو اس وقت متنازع اقدامات کے حوالے سے مشہور محمد صدیق قائم مقام رجسٹرار تھے جنھیں 30 اپریل کو فارغ کیا گیا اور شعبہ کیمیاء کے ساجد جہانگیر کو نیا قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا گیا جنھیں دو ماہ بعد یکم جولائی کو فارغ کرکے ضمرہ ضمیر کو قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا گیا ہے۔ زرائع کے مطابق بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر قائم مقام ناظم امتحانات اور ڈائریکٹر فانس کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔