سلمان خان کے قتل کی سازش کرنے والے ملزمان کیخلاف نئی چارج شیٹ دائر

July 02, 2024

فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے 5 ملزمان کے خلاف نئی چارج شیٹ دائر کردی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی چارج شیٹ میں تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کے ملزمان پر قتل کی سازش اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اپریل کو موٹرسائیکل سوار 2 افراد نے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی تھی جس کے بعد کئی افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس کیس کے حوالے سے درج ہونے والی نئی چارج شیٹ کے مطابق بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو قتل کرنے کے لیے 25 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس کی منصوبہ بندی اگست 2023ء سے اپریل 2024ء کے درمیان کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان بہت ہی منظم طریقے سے سلمان خان کی نگرانی اور ریکی کر رہے تھے، تقریباً 60 سے 70 افراد کا نیٹ ورک سلمان خان کی پل پل نگرانی کر رہا تھا۔

یہ نیٹ ورک سلمان خان کی ممبئی میں رہائش گاہ، پنویل میں فارم ہاؤس، فلم شوٹنگ کی جگہوں سمیت دیگر مقامات کی بھی نگرانی کرتا رہا۔

نئی چارج شیٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکوں کو سلمان خان کو قتل کرنے کا کام دیا گیا تھا جو مبینہ طور پر گولڈی برار اور انمول بشنوئی کے حکم کا انتظار کر رہے تھے جن کے بارے میں امکان ہے کہ یہ اس گینگ کے مرکزی لوگ ہیں جو شمالی امریکا سے کام کر رہے تھے۔