ہمیں بجٹ پر اعتراض کرنے کی پاداش میں اسمبلی سے نکالا گیا: اپوزیشن لیڈر ملک احمد

July 02, 2024

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر---فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ ہم اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے، اپوزیشن آپ کی کسی کمیٹی کا رکن نہیں بنے گی، ہمیں بجٹ پر اعتراض کرنے کی پاداش میں اسمبلی سے نکالا گیا۔

ملک احمد خان بھچر نے لاہور کے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اسپیکر کو چاہیے تھا ارکان کو بلاتے اِنہیں نوٹس دیتے، بغیر سنے ارکان کو معطل کرنے کی مثال نہیں ملتی، ارکان کو فیس نہیں کر سکتیں 12 کروڑ عوام کو کیسے فیس کریں گی۔

احمد بھچر کا کہنا ہے کہ آپ ہم پر ناجائز پرچے کاٹیں گے تو کیا ہم آرام سے بیٹھے رہیں گے، ہم آپ کی کارروائیوں کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے، ہم ان کے آقاؤں کو بھی کہتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارم 47 کی وزیراعلیٰ اسپیکر کو ہمارے خلاف کارروائی کا حکم دیتی ہیں، جب تک ہمارے 11 معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ اب سے ہم اسمبلی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے، آپ ظلم کریں اور امید بھی رکھیں کہ ہم آپ کی تقریریں سنیں، ہم اسمبلی کے اندر اپوزیشن کا ایک ٹینٹ لگائیں گے، اپوزیشن کے ٹینٹ میں ہم اپنا ذاتی عملہ رکھیں گے۔