ترک صدر کی ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت، مؤثر انداز میں تحقیقات کی جائیں، اردوان

July 14, 2024

فائل فوٹو۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی عالمی سطح پر مذمت جاری ہے جہاں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی سابق امریکی صدر پرقاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

انقرہ سے صدر اردوان نے کہا کہ امید ہے حملے کی تحقیقات انتہائی مؤثر انداز میں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے مجرموں اور انہیں اُکسانے والوں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ حملے کی فوری تحقیقات ہوں تاکہ امریکی انتخابات اور عالمی استحکام پر اثر نہ پڑے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

امریکی ٹیلی ویژن کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ کے وقت ریلی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے، 5 ہی منٹ گزرے تھے کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کر دی گئی تھی۔