پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کہنے والے کسی اور دنیا میں رہتے ہیں: بیرسٹر علی ظفر

July 15, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر---فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمابیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بات کرنے والے کسی اوردنیا میں رہتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ آرٹیکل 6 کی بات کرنے والوں نے شاید قانون نہیں پڑھا، آرٹیکل 6 کا مقدمہ نہیں بن سکتا۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کو بھی عدلیہ کہتی ہے کہ خلاف آئین ہے، کیا ان اراکین پر آرٹیکل 6 لگے گا؟ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آگیا ہے وہ اب تبدیل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون میں ایسی کوئی اجازت نہیں کہ حکومت کو کوئی پارٹی پسند نہ ہو تو وہ اس پر پابندی لگا دے، سیاسی جماعتوں پر پابندی کے فیصلے ہمیشہ آمروں نے کیے ہیں کسی جمہوری حکومت نے نہیں کیے۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت کسی دشمن ملک کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تو اس پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے اجازت لینی پڑتی ہے، حکومت توشہ خانہ کا ایک اور کیس لے آئی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سارے کیسز ختم ہو جائیں گے، ایک سیاسی جماعت جو دشمن ملک کے ساتھ مل کر ملکی مفاد کے خلاف کام کرے، دہشت گردی کرے اس پر عدالت کی اجازت سے پابندی لگ سکتی ہے، پاکستان میں ایسی کوئی سیاسی جماعت نہیں جو پاکستان میں دہشت گرد میں ملوث ہو۔