خواجہ آصف الیکشن ہار کر فارم 47 پر اقتدار میں آئے: علی امین گنڈا پور

July 17, 2024

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور---فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی والوں کو اقتدار کا شوق ہے، خواجہ آصف خود بری طرح الیکشن ہارے اور پھر فارم 47 پر اقتدار میں آئے۔

علی امین گنڈا پور نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران رہنما مسلم لیگ ن، پاکستان کے وزیرِ دفاع کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دو حکومتیں چھوڑیں، اقتدار کا شوق ہوتا تو ہم حکومتیں نہ چھوڑتے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم اقتدار والے نہیں جمہوری لوگ ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ مخصوص نشستوں کے لیے لڑیں گے، ہم نے مقابلہ کر کے مخصوص نشستیں حاصل کیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر وفاقی حکومت آگے بھی کچھ کرے گی تو آئین کے مطابق اپنا حق لیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق جو بات کی ہے وہی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، تحریکِ انصاف کا مقصد صرف اور صرف اقتدار ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہے تو ہمارے قائدین ہیں، آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے، بیرونی طاقتوں کو جا کر آمادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان مخالف باتیں کریں۔