• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ آصف کا پی ٹی آئی کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا مطالبہ

وزیرِ دفاع خواجہ آصف---فائل فوٹو
وزیرِ دفاع خواجہ آصف---فائل فوٹو

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، تحریکِ انصاف کا مقصد صرف اور صرف اقتدار ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہے تو ہمارے قائدین ہیں، آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے، بیرونی طاقتوں کو جا کر آمادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان مخالف باتیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، آج کل کون کون سے ادارے آئینی حدود سے تجاوز کر رہے ہیں؟ توہین عدالت کی کارروائی جب بھی ہوئی سیاستدانوں کے خلاف ہوئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو شہداء کی توہین ہوئی اس پر کوئی سزا اور جزا نہیں، عدالت میں کوئی اونچا بول دے تو توہینِ عدالت ہو جاتی ہے، 9 مئی کے دن شہداء کے خون کی توہین ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ تمام آئینی ادارے تحفظ کے مستحق ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ کسی ادارے کی عزت زیادہ ہے اور کسی کی کم ہے، برا وقت کسی بھی پارٹی پر ہوتا ہے تو شفقت محمود فرار ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس میں مانیٹرنگ جج لگایا گیا تاکہ اسکرپٹ کے تحت فیصلہ ہو، کیا عدالتوں سے ہمیں انصاف ملتا تھا؟  کیا ہماری ضمانتیں ہوتی تھیں؟

وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے کہ ان کا آئین اور قانون سازی کا حق بھی استعمال کیا جائے، وزیرِ اعظم کے خلاف سازش کی گئی دھرنے دیے گئے، 26 لاکھ کیسز التواء کا شکار ہیں، سیاست سیاست کھیلنے سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جس دن شہادتیں نہ ہوتی ہوں، سب سے زیادہ دہشت گردی خیبر پختون خوا میں ہو رہی ہے، خیبر پختون خوا حکومت کہہ رہی ہے وہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گی

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے بانی پی ٹی آئی کا اقتدار ایک بنیادی کنڈیشن ہے، سیاستدان کا نام اس لیے زندہ رہتا ہے کہ ان کا تعلق عوام کے ساتھ رہتا ہے، عدالتوں کا احترام کرتا ہوں عدالتوں کو بھِی چاہیے وہ اپنا احترام کرائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 2018ء کے الیکشن رزلٹ کسی کو نظر نہیں آئے، اس وقت عدلیہ نے کیوں نوٹس نہیں لیا، عدلیہ موسم کے تابع نہیں ہوتی، 9 مئی ہماری تاریخ میں ایک سیاہ دن تھا، آج سال سے زیادہ ہو گیا 9 مئی کو اس پر کوئی توجہ نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کو تحفظ دے رہا ہے، تفریق نہیں ہونی چاہیے، تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ججوں نے کیسے کیسے فیصلے دیے ہیں، آئین سے ماورا فیصلے فیصلے دینے پر کسی ایک جج پر توہین عدالت لگی ہے؟ ان ججوں کو قبروں سے نکالیں اور ٹرائل کریں، آئین کو ری رائٹ کیا جا رہا ہے، امریکا کسی دن غزہ کی صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے بھٹو کو پھانسی پر چڑھانے کا فیصلہ دیا ان پر آرٹیکل 6 لگائیں، مجھ پر آرٹیکل 6 لگا کہ میرے پاس اقامہ تھا، شہباز شریف نے مذاکرات کی پیش کش کی جس پر وہ کہتے ہیں آرمی چیف کے ساتھ کریں گے، پاکستان کی معاشی ترقی کو روکنے کے لیے اندرونی اور بیرونی طاقتیں کام کر رہی ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے پیپلز پارٹی نے اشارہ دے دیا ہے؟

خواجہ آصف نے کہا کہ ایک وقت تھا زرداری صاحب کے لیے بانی پی ٹی آئی کیا کہا کرتے تھے؟ اب بھی بانی پی ٹی آئی زرداری صاحب کے لیے کیا کہتے ہیں، اب ان کے اشاروں پر چلنے لگ پڑے ہیں، پی ٹی آئی کی کوئی شناخت ہے؟ یہ وقت ہے، سارے وقت گزر جاتے ہیں، جو سمجھتے ہیں نظام کو گرا دیں گے اور اقتدار میں آئیں گے تو یہ 25 کروڑ لوگوں کا ملک ہے۔

وزیرِ دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض عدالتی فیصلوں کی وجہ سے آج بھی پاکستان ایڑیاں رگڑ رہا ہے، نواز شریف کو تین مرتبہ قید کیا گیا، کیا اس کی کبھی سائیکل کا بھی چالان ہوا؟

قومی خبریں سے مزید