کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی جلوسِ عاشورہ میں شرکت

July 17, 2024

---فائل فوٹو

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی پر مشتمل وفد نے کراچی میں یومِ عاشور کے مرکزی جلوس میں شرکت کی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ‏وفد میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، انیس قائم خانی، امین الحق سمیت دیگر شامل تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں یومِ عاشور کا نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس لائٹ ہاؤس کے قریب پہنچ گیا ہے۔

مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

جلوس کے شرکاء نے مولانا علی افضال کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی۔

جلوس کے طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں کنٹینر رکھ کر بند ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری اور اسنائپر تعینات ہیں۔