عطا تارڑ کی بانی پی ٹی آئی کو ڈیتھ سیل میں رکھنے کی تردید

July 21, 2024

عطا تارڑ : فوٹو فائل

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ڈیتھ سیل میں رکھنے کی تردید کردی۔

اپنے بیان میں عطاتارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالا جیل کے پریزیڈینشل سوئیٹ میں رکھا گیا ہے، مسلم لیگ ن کبھی سیاسی انتقام کی خواہشمند نہیں رہی، نہ ہی انتقام لیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایک بین الاقوامی جریدے میں آرٹیکل آیا ہے بانی پی ٹی آئی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، شہباز شریف کو کمر کی تکلیف کے باوجود بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا تھا، بانی پی ٹی آئی کے الفاظ ہیں کہ میں اے سی اتار دوں، ٹی وی بند کردوں گا، دوائیاں نہیں جانے دوں گا، اڈایالہ جیل میں آپ کا ایک پریزیڈنشل سویٹ ہے، بانی پی ٹی آئی کے پاس جیل میں ایکسر سائیز مشین ہے، واک کرنے کیلئے گیلری ہے۔

وزیر اطلاعات نے بنوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ فوج پر الزام لگ جائے کہ سویلینز کو مار دیا، بنوں میں تاجروں کا ایک احتجاج تھا، اس میں کچھ لوگ ان کے شامل ہوگئے، ان کے لوگوں نے اس جگہ پر پہنچ کر فائرنگ کردی، جس سے بھگدڑ مچی اور 22 افراد زخمی ہوگئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جن بچوں کو گمراہ کیا گیا تھا وہ آج بھی کیسز بھگت رہے ہیں، بنوں والی سازش آپ کے سامنے ہے، کے پی حکومت کچھ بھی کہتی رہے۔