پی ٹی آئی پر پابندی کے اصولی فیصلے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت جاری ہے، عطا تارڑ

July 21, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ : فوٹو فائل

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے اصولی فیصلے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت جاری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نیّر بخاری کا بیان سامنے ہے، امید ہے پیپلز پارٹی اس فیصلے میں بھی ہمارے حکومت کے ساتھ ہوگی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ہے۔

جرمنی میں پاکستان قونصل خانہ پر ہوئے حملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے معاملے پر متعلقہ ملک سے احتجاج نوٹ کروایا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ نادرا سے کہا گیا ہے کہ ویڈیو کا جائزہ لے کر بتائے کہ پاکستانی شہری تو ملوث نہیں ہے، اگر اس واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ ہوگا۔