شفقت محمود سے پچاس سال قریبی دوستی کی غلط فہمی رہی، خواجہ آصف

July 21, 2024

فائل فوٹو۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انکی حال ہی میں سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے والے شفقت محمود سے 50 سالہ قریبی دوستی کی غلط فہمی رہی۔مشکل وقت میں تعلق نبھانا، ڈی این اے میں وفاداری اور حوصلہ ہونا اللّٰہ کی عطا ہوتی ہے۔

اسلام آباد سے اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شفقت محمود کو 1964 سے جانتا ہوں، گورنمنٹ کالج لاہور کے ہاسٹل سے تعلق بنا۔

انہوں نے کہا کہ شفقت محمود سے 50/55 سال قریبی دوستی کی غلط فہمی بھی رہی۔ اس دوران بہت سے اچھے برے کام اکٹھے کیے، برے زیادہ اور اچھے کم۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کابینہ نے مجھ پر آرٹیکل 6 لگایا تو شفقت محمود نے میرے خلاف پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ شفقت محمود نے میرے اقامے اور بیرون ملک تنخواہ کو اس کی وجہ بتایا۔ ایف آئی اے کی انکوائری بھگتی، اقامہ، تنخواہ اور کاروبار سب 30 سال سے ڈیکلیئر تھے، ان پر ٹیکس دیتا تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ انکوائری نمٹ گئی، مگر کچھ لوگ تو پہچانے گئے، لیکن نصف صدی لگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست پیپلز پارٹی سے شروع ہوئی پھر مشرف سے ہوتی ہوئی شہباز شریف اور پھر پی ٹی آئی پر ختم ہوئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب شہباز شریف کے ساتھ تھے تو بانی پی ٹی آئی کے خلاف بڑی اچھی انگریزی میں کالم لکھتے رہے۔مشکل وقت میں تعلق نبھانا، ڈی این اے میں وفاداری اور حوصلہ ہونا اللّٰہ کی عطا ہوتی ہے۔