بنگلادیش میں متنازعہ کوٹا سسٹم کیخلاف طلبا کا احتجاج رنگ لے آیا

July 21, 2024

فوٹو : اے ایف پی

بنگلادیش میں متنازعہ کوٹا سسٹم کے خلاف طلبا کا احتجاج رنگ لے آیا، سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹا 7 فیصد تک محدود کر دیا۔

علیحدگی کی تحریک میں حصہ لینے والوں کے خاندانوں کا سرکاری ملازمتوں میں 30 فیصد کوٹا بحال کرنے کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا گیا ہے۔

بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے قرار دیا 93 فیصد سرکاری ملازمتیں اوپن میرٹ پر ہوں گی۔ صرف 5 فیصد 71ء کی جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کے خاندانوں کو اور 2 فیصد ملازمتیں دیگر کیٹگریز کو ملیں گی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کیخلاف ڈھاکا یونیورسٹی سے شروع ہونے والا احتجاج ملک گیر رُخ اختیار کر گیا تھا۔

ایک ہفتے کے دوران احتجاج اور سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں 133 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ حکومت نے احتجاج کو دبانے کےلیے فوج کو طلب کر کے کل سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔