جماعت اسلامی نے ایک بار پھر نئے انتخابات کا مطالبہ مسترد کردیا

July 22, 2024

فائل فوٹو

جماعت اسلامی نے ایک بار پھر ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہملک کو اس وقت کسی ری الیکشن کی ضرورت نہیں، ہمارا واضح مؤقف ہے کہ فارم 45 کے مطابق حکومت بنائی جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ بڑی بڑی جماعتیں جو جمہوریت کی باتیں کرتی ہیں وہ بلدیاتی حکومت کو بااختیار نہیں بناتیں، 40 سال سے ملک میں اسٹوڈنٹ یونین نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے بلدیاتی حکومت کو وفاقی و صوبائی حکومت کی طرح وسائل فراہم ہوں، آمریت کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں لیکن جمہوری حکومت کے دور میں نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریاست کا مطلب عوام ہیں، آصف زرداری کے حلقے کو دیکھ لیں، جاگیردارانہ نظام کا معلوم ہوجائے گا، ریاست تعیلم، صحت اور امن نہ دے اور ٹیکس بھی لگائے تو ایسے نہیں چلے گا، ایسا کیوں کہ آپ عیاشیاں کرتے جاؤ اور عوام پر بوجھ ڈالتے جاؤ؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پانچ گنا سستی ملنے والی گیس نظر انداز کر کے چار گنا مہنگی گیس دی جا رہی ہے، آئی پی پیز نے پاکستانی عوام کا خون نچوڑ لیا ہے، پاکستان کو برباد کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت کیا قوم کی نمائندگی کرے گی؟ انہیں تو فراڈ سے انتخابات میں جتوایا گیا ہے، باہر جا کر پراپرٹی خریدنے والوں کا ٹرائل کون کرے گا؟ پاکستان میں آج تک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں کام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنا ہے تو دہشت گردی کی بنیاد ختم کریں، بھارت ایران سے گیس لے سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ جماعت اسلامی کی طرف سے 26 جولائی کو اسلام آباد میں احتجاج کیا جائے گا۔