کراچی: مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام سے شہری پریشان

July 23, 2024

فوٹو: فائل

کراچی میں پریس کلب، گورنر ہاؤس اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف سڑکیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کنٹینر لگا کر بند کی گئی تھیں۔ شام کو دفاتر سے گھر جانے والے افراد ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔

کراچی میں آرٹس کونسل چورنگی، پی آئی ڈی سی چوک، شاہین کمپلیکس، آئی آئی چند ریگر روڈ اور آس پاس کی دیگر سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

پریس کلب پر احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے کنٹینر لگادیے جبکہ گورنر ہاؤس کے اطراف کی سڑکیں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بند کردی گئیں۔ اس صورتحال کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس سے شہری کئی گھنٹے سڑکوں پر پھنسے رہے۔

صدر، زیب النسا اسٹریٹ، ریگل چوک اور ٹاور پر بھی اسی قسم کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ اس دوران ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑکوں پر موجود ضرور تھے لیکن وہ بھی بےبس نظر آئے۔

کئی سڑکوں پر رانگ سائیڈ بھی گاڑیاں آگئیں جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کنٹینر ہٹا کر سڑکیں کھول دی گئیں اور کچھ دیر بعد ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔