خواتین ایشیا کپ، سیمی فائنل اور فائنل جیتنے کی خواہش، ابھی آدھے سے زیادہ کام باقی

July 25, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی قومی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو 10وکٹوں سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔ایسے میں پاکستانی ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ ہماری نوجوان بولرز نے عمدہ بولنگ کی ہے، سیمی فائنل اور فائنل جیتنا ہے، ابھی آدھے سے زیادہ کام باقی ہے سیمی فائنل میں تگڑی ٹیم ہوگی یہی سوچ کر یہاں آئے ہیں کہ اس بار ایشیا کپ جیتنا ہے ماڈرن کرکٹ کھیلنی ہے تو ماڈرن کوچز چاہیے ہوں گے جو نئے جدید طریقے سے کام کریں، ڈیٹا بیس پر کام کریں۔بدھ کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں ہمیں مشکل ہوئی کیونکہ ہم اپنے پلان پر عمل نہیں کرسکے، پہلے میچ کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، ہم صحیح ڈائریکشن میں جارہے ہیں، آنے والے میچوں میں اچھی سائیڈز کے خلاف اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہوگا۔ بولنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے، فیلڈنگ اور بیٹنگ میں بھی بہتری نظر آرہی ہے، کیمپ میں جو سخت محنت کی تھی وہ اب کام آرہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری لڑکیاں زیادہ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کریں، کنڈیشنز اسپنرز کے حق میں ہیں۔محمد وسیم نے کہا کہ دمبولا گراؤنڈ کی کنڈیشن اسپنرز کے لیے سازگار ہے اسی وجہ سے پلیئنگ الیون میں ایک ہی فاسٹ بولر کو موقع دے رہے ہیں۔کبھی دو اسپنرز کو موقع دے رہے ہیں ۔