حملہ آور نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ کیسے بنایا؟

July 25, 2024

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ــــ فائل فوٹو

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کے بارے میں تفصیلات سامنے آگئیں۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں ایف بی آئی کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انتخابی ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے حملہ آور نے نومبر 1963ء میں امریکی صدر جان ایف کینیڈی پر ہونے والے حملے کے بارے میں انٹرنیٹ پر تفصیلات دیکھیں۔

ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے نے کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آور نے 13 جولائی کو پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں اسٹیج پر آنے سے تقریباً 2 گھنٹے قبل اس مقام پر ڈرون اڑایا جہاں ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کرنا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہم مزید تفتیش کر رہے ہیں کیونکہ ابھی تک ہمیں یہ معلوم نہیں ہے کہ حملہ آوار نے کس مقصد سے حملہ کیا۔

ایف بی آئی کے سربراہ نے بتایا کہ عام طور پر اب تک عوامی شخصیات کے ساتھ پیش آنے والے کئی واقعات کی تفتیش کی ہے لیکن اس واقعے کی تفتیش میں کوئی واضح نمونہ نہیں ملا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ابھی تک تفتیش میں چند ہی باتیں سامنے آئی ہیں کہ حملہ آور نے 6 جولائی کو پنسلوانیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے کے لیے ریجسٹریشن کروائی۔

کرسٹوفر رے نے سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 6 جولائی کو ہی حملہ آور نے گوگل پر یہ سرچ کیا کہ’لی ہاروی اوسوالڈ، جان آف کینیڈی سے کتنا دور تھا؟‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور کے گوگل پر جان ایف کینیڈی کے قتل کے بارے میں یہ تفصیلات سرچ کرنے سے اس کے حملہ کرنے کے مقصد کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔