برطانیہ میں نئی حکومت آنے کے بعد تنخواہوں میں اضافے پر ٹرین ڈرائیورز اور ڈاکٹرز کا احتجاج ختم ہونے کی امید

July 26, 2024

مانچسٹر(ہارون مرزا)برطانیہ میں لیبر پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے بعد تنخواہوں میں اضافے پر طویل عرصہ سے جاری ٹرین ڈرائیورزکا احتجاج منطقی انجام کو پہنچتا دکھائی دینے لگا ۔ٹرین ڈرائیورز کی یونین اسلیف کے جنرل سیکرٹری مک وہیلن نےڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کے ساتھ ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد مثبت پیش رفت کا عندیہ دیااور کہا کہ لیبر حکومت کے ساتھ تنخواہ کا تنازع ختم ہونے کیلئے پُرامید ہیں دو سال قبل اجرتوں اور شرائط پر تنازع شروع ہونے کے بعد سے اسلیف ممبران نے اب تک 18دن کی ہڑتالیں کی ہیں جس سے ریل کے مسافروں کو زبردست خلل پڑا ہے ۔یونین نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرین ڈرائیورز سے کہا جا رہا ہے کہ وہ تنخواہوں میں اضافے کے بدلے کام کے خراب حالات کو قبول کریں۔ اس نے پہلے دو سال کے لیے 4فیصد سالانہ کی قابل قبول تنخواہ کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ مک وہیلن نے تجویز پیش کی کہ نئی لیبر حکومت نے کام کے حالات میں مطلوبہ تبدیلیوں میں سے بعض کو گرا دیا ہے ۔ کام کرنے کے طریقوں میں اصلاحات ابھی بھی کارڈ پر ہیں، کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایک ہی سطح پر ہیں تاہم بہتری کیلئے پُر امید ہیں، ہم سے مذاکرات کیلئے کسی کا بھی ملنا بڑا قدم ہے، ہم ایک ایسے دور سے بھی گزرے جب حکومت کی طرف سے کوئی ہم سے بات نہیں کرتا تھا۔ دسمبر 2022سے سابق سیکرٹری آف اسٹیٹ اور جنوری 2023سے وزیر ریلوے کو نہیں دیکھا،حقیقت یہ ہے کہ لیبر پارٹی نے اقتدار سنبھالنے کے سات دنوں کے اندر ہم سے ملاقات کی اور ہم سے بات کرنے کیلئے ایک ٹیم بنائی، میرے خیال میں یہ ایک بڑا قدم ہے ، اگر لوگ آپ سے بات کر رہے ہیں تو ہڑتال کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے ،امید ہے وہ جلد ہی ٹرانسپورٹ سیکرٹری لوئیس ہائی سے ملیں گے۔ ڈی ایف ٹی ترجمان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکرٹری نے واضح کیا ہے کہ وہ مسافروں اور افرادی قوت کے فائدے کے لیے صنعتی تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ڈی ایف ٹی کے ساتھ اسلیف کی بات چیت اس وقت سامنے آئی جب ہیلتھ سیکرٹری ویس سٹریٹنگ نے برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کی جونیئر ڈاکٹرز کمیٹی سے ملاقات کی۔ بی ایم اے کے جونیئر ڈاکٹر ممبران نے گزشتہ 20مہینوں میں 11مرتبہ ہڑتال پر واک آؤٹ کیا کیونکہ وہ تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کے اپنے مطالبے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔