سی ای او ہیلتھ ملتان ہنی ٹریپ کا شکار، ملزمہ نے نازیبا تصاویر بناکر 50 لاکھ بھتہ طلب کرلیا

July 26, 2024

علامتی فوٹو

ملتان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ ڈاکٹر فیصل قیصرانی ہنی ٹریپ کا شکار ہوگئے۔

پولیس نے تھانہ نیو ملتان میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل قیصرانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں کہا گیا کہ 20 جولائی کو امبر نامی خاتون سے الفلاح مارکیٹ میں ملاقات ہوئی، امبر اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ میری گاڑی میں بیٹھ گئی۔

ڈاکٹر فیصل قیصرانی نے کہا کہ ملزمان نے بوتل پینے کیلئے دی، جس کو پی کر بےہوش ہوگیا، 3 گھنٹے بعد ہوش آنے پر گاڑی سمیت حسن آباد پر موجود تھا، گاڑی سے 90 ہزار روپے، 40 ہزار کی عینک، گھڑی اور شناختی کارڈ غائب تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے سی ای او ہیلتھ سے نازیبا تصاویر کے عوض50 لاکھ روپے طلب کر لیے، ملزمان نے ڈاکٹر فیصل قیصرانی سے 23 جولائی کو 5 لاکھ روپے بھتا وصول کیا۔

ملزمان میں پلوشہ عرف امبر، محمد آصف، مظہر عباس، محمد سجاد سمیت 6 ملزمان شامل ہیں، ان کی گرفتاری کیلئے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔