مسلم لیگ کی حکومت نوجوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت چاہتی ہے، رانا مشہود

July 27, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہم سیلانی کو پی ایم یوتھ پروگرام میں اشتراک عمل کی دعوت دیتے ہیں، سیلانی کے ساتھ مل کر کام کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا، رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نوجوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت چاہتی ہے ، بیرون ملک ہمیں اپنے بعض پاکستانیوں اور نوجوانوں کے رویہ کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا رہا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کی تعلیم کے فروغ میں سیلانی کی خدمات حاصل کی جائیں گی،اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور سیلانی کے درمیان ایم او یو سائن کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک نو جوانوں نے اپنے آپ کو وہاں پاکستان کا سفیر ثابت نہیں کیا جس کہ وجہ سے اب دیگر نوجوانوں کو ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،قبل ازیں انہوں نے سیلانی ماس آئی ٹی کی کلاسز کا دورہ کیا،اس موقع پر ٹرسٹی امجد چامڑیہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی بھی موجود تھے۔