افغان پناہ گزینوں کوانکے وطن بھیجا جائے‘ بی این پی عوامی

July 27, 2024

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی کونسلران احسان رند، زوہیب ساتکزئی، حمید کاکڑ، نصیب کاکڑ، حلیم ریکی، سعید احمد شاہ، منصور شاہ، کامران مینگل، حبیب بلوچ و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ چالیس سال سے بلوچ قوم سمیت دیگر اقوام افغان پناہ گزینوں کو واپس افغانستان بھیجنے کا مطالبہ کرتی آرہی ہیں لیکن عوامی مطالبے کو پس پشت ڈال کر ہر سال ان کے قیام میں توسیع کردی جاتی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ اب جبکہ افغانستان میں3سال سے مکمل امن ہے تو ان کے قیام میں توسیع کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے علاوہ دیگر پناہ گزین غیرقانونی تارکین وطن کے زمرے میں آتے ہیں جو کہ گزشتہ45سال سے اقوام متحدہ کے قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یہاں قیام پذیر ہیں جنہوں نے ملکی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ان کو فوری طور پر اپنے وطن بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق ساڑھے پانچ لاکھ افغان خاندانوں نے جعلی شناختی کارڈ اور لوکل حاصل کررکھے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام افغان پناہ گزینوں کو فوری طور پر ان کے وطن بھیجا جائے۔