محمد شامی ایک دن مٹن نہ کھائیں تو انہیں کیا ہوجاتا ہے؟ دوست کا انکشاف

July 27, 2024

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے ان کے دوست نے بتایا کہ محمد شامی سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں، مگر مٹن (بکرے کے گوشت ) کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

حال ہی میں محمد شامی کے ایک دوست امیش کمار نے ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر کی خوراک سے متعلق بات کی اور دلچسپ انکشاف کیا۔

فاسٹ بولر کے دوست نے کہا کہ محمد شامی اگر ایک دن مٹن نہیں کھائیں تو وہ بے چین ہوجاتے ہیں، دوسرے دن پریشان اور تیسرے دن غصے میں آجاتے ہیں۔

محمد شامی کے دوست نے یہ بھی بتایا کہ اگر وہ روزانہ ایک کلو مٹن نہیں کھاتے تو ان کی بولنگ کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کم ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے انجری کے بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی کی تیاری شروع کردی ہے، وہ نومبر 2023 سے زخمی ہونے کی وجہ سے کرکٹ سے دور تھے۔

محمد شامی آخری مرتبہ 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے تھے، جس میں بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ شامی نے ٹورنامنٹ میں زخمی ہونے کے باوجود 24 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔