جنسی زیادتی کے جرم میں سزا یافتہ ڈچ پلیئر کی اولمپکس میں شرکت پر تنقید

July 27, 2024

سٹیون وین ڈے ویلڈے : فوٹو امریکی میڈیا

پیرس میں جاری اولمپکس 2024 میں نیدرلینڈز کی بیچ والی بال ٹیم کے کھلاڑی اسٹیون وین ڈے ویلڈے کی شرکت پر آرگنائزرز کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ڈچ کھلاڑی 8 سال قبل کم عمر لڑکی کے ساتھ زیادتی کے جرم میں سزا یافتہ ہے۔

29 سالہ وین ویلڈے کو 2016 میں ایک 12 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے کیس میں 4 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم انہیں 2017 میں رہا کر دیا گیا تھا۔

نیدرلینڈز کے کھلاڑی کی ایونٹ میں شرکت پر تنقید کی وجہ سے ڈچ اولمپک کمیٹی نے انہیں دیگر کھلاڑیوں سے علیحدہ رہنے اور میڈیا سے بات نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈچ اولمپک کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وین ڈے ویلڈے کی رہائش تبدیل کرنا ضروری تھی، تاکہ وہ بہتر کھیل پیش کرسکیں۔

تاہم کھلاڑی کی ایونٹ میں شرکت پر عوام کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے ایک پٹیشن بھی دائر کی ہے۔

پٹیشن میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جنسی مجرموں کو مقابلوں میں شرکت سے روکے، جبکہ پٹیشن پر 81 ہزار لوگوں نے دستخط بھی کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وین ڈے ویلڈے اپنے پہلے گروپ مرحلے کے میچ میں اتوار کو 23 سالہ میتھیو ایمیرس کے ساتھ اٹلی کے خلاف کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ اولمپکس مقابلے 26 جولائی سے شروع ہوچکے ہیں، جو 11 اگست تک جاری رہیں گے۔