متعلقہ مٹیریل استعمال نہ کرنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فیکٹری اڈیالہ جیل معطل

July 29, 2024

راولپنڈی (وسیم اختر، اسٹاف رپورٹر) قالینوں کی تیاری میں متعلقہ مٹیریل استعمال نہ کرنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فیکٹری اڈیالہ جیل کو معطل کر دیا گیا،ہوم سیکرٹری پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کا دورہ، قالین بافی کے عمل میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنیکا حکم ۔ ہوم سیکرٹری پنجاب نوراللہ مینگل اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے گزشتہ روز سینٹرل جیل راولپنڈی کا دورہ کیا، دونوں افسران تقریباً اڑھائی گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں رہے۔ اس دوران انہوں نے اڈیالہ جیل میں قالین بافی کے کام کا معائنہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے قالین کی تیاری میں 60فیصد عسکری کاٹن یارڈ اور 40فیصد نیوزی لینڈ کی اون استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا جس پر ایکشن لیتے ہوئے ہوم سیکرٹری نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فیکٹری الفت نعیم کو معطل کردیا اور قالین بافی کے عمل میں دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیا۔