جاپان میں شدید گرمی، ایک پاکستانی سمیت 6 جاپانی انتقال کرگئے

July 29, 2024

ٹوکیو (عرفان صدیقی) جاپان میں جاری شدید گرمی اور لو لگنے سے ایک پاکستانی شاکر احمد سمیت 6جاپانی انتقال کرگئے ، ٹوکیو سمیت مختلف شہروںمیں انتہا کی گرمی ہے اور سیکڑوں افراد بیمار ہوگئے ہیں ، بوڑھے ، خواتین اور بچوں کو باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جاپان میں مقیم کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر پاکستانی شاکر احمد شدید گرمی اور لو لگنے کے باعث وفات پاگئے، انکی عمر پچپن برس تھی وہ گزشتہ تین دہائیوں سے جاپان میں مقیم تھے انکے پاس جاپانی شہریت بھی تھی ، شاکر احمد کے لواحقین میں جاپانی اور پاکستانی بیگمات اور دو جاپانی بچے بھی شامل ہیں ، شاکر احمد کی تدفین جاپان کے یاوارا قبرستان میں کردی گئی ہے ۔ دوسری جانب جاپان میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث ابتک ایک پاکستانی سمیت چھ جاپانی شہری لو لگنے سے ہلاک سیکڑوں کی تعداد میں اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں ۔ ٹوکیو سمیت مختلف شہروں گرمی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے جہاں درجہ حرارت پینتیس سینٹی گریڈ سے چالیس سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جارہا ہے ، جاپان میں جاری شدید گرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے بوڑھے افراد سمیت خواتین اور بچوں کو بلاوجہ دن میں باہر نکلنے سے منع کیا ہے جبکہ جو لوگ باہر نکل کرکام کرتے ہیں ان سے بھی کہا گیا ہے کہ زیادہ گرمی سے بچیں اور پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔