میرے استعفے کی خبریں مخصوص لابی پھیلا رہی ہے، وفاقی وزیر

July 30, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میرے استعفے کی خبریں کسی مخصوص لابی کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں حکومت کے اندر رہتے ہوئے آپ کی اپنی کوئی رائے ہوسکتی ہے اور حکومت کے اندر اپنی رائے رکھنا میری نظر میں ایک صحتمند چیز ہے، اگرپی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ یوٹرن سے وہ اپنے لئے اسپیس پیدا کرلے گی تو یہ ممکن نہیں ہے، رہنما پاکستان تحریک انصاف حامد خان نے کہا کہ آرمی چیف کو بالکل سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہئے اور ان کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہئے ملک کے دفاع کے بارے میں وہ توجہ دیں اور ملک کو جو اس وقت خطرات ہیں چیلنجز ہیں ان کی طرف توجہ دیں اور صحیح معنوں میں نیوٹرل ہوں ۔ فوج کا کام ملک کا دفاع کرنا ہے دہشت گردوں کو روکنا ہے ۔ کسی سیاسی پارٹی کا ساتھ دینا یہ ان کا کام نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی میں کسی قسم کی کوئی گروہ بندی نہیں ہے اور نہ ہی کسی طور پر انتشار کا شکار ہے ۔ عمران خان جس دن آزاد ہوں گے آپ دیکھیں گے ساری پارٹی ایک ساتھ کھڑی ہوگی ۔ پاکستان کا مستقبل فری اینڈ فیئر الیکشن پر منحصر ہے اور تبھی اس ملک میں جمہوریت چل سکتی ہے ۔ توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 10دن کی توسیع کردی ہے۔ میزبان شاہ زیب خانزادہ کا ملکی صورتحال پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام بجلی کے بلوں اور بھاری ٹیکسوں سے پریشان ہوکر سڑکوں پر آرہے ہیں جماعت اسلامی نے حکومت کے سامنے 10مطالبات رکھ دیئے ہیں جن میں بجلی پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضر وریہ کی قیمتوں میں کمی کے مطالبات بھی شامل ہیں دوسری جانب بلوچستان اور کے پی میں بھی حالات ٹھیک نہیں ہیں گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کا گزشتہ روز ہونے والا جلسہ دھرنے میں تبدیل ہوگیا جسے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ لیڈ کررہی ہیں۔