اسرائیلی حکومت پچھتائے گی، شہید بھائی اسماعیل ہنیہ سے کہتے ہیں اچھی طرح سو جاؤ اور فکر نہ کرو، مہر الطاہر

July 31, 2024

اسماعیل ہنیہ-- فائل فوٹو

پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا ہے کہ شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کیلئے ہر عزیز اور قیمتی چیز پیش کرنے کو تیار ہیں۔

مہر الطاہر نے کہا ہے کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کر گیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اسماعیل ہنیہ کے قتل اور ایرانی خود مختاری پر حملے کے گناہ پر پچھتائے گی، شہید اسماعیل ہنیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا۔

مہر الطاہر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہید بھائی ہنیہ سے کہتے ہیں اچھی طرح سو جاؤ اور فکر نہ کرو، ہنیہ سے وعدہ کرتے ہیں ہم جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔

علاوہ ازیں حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔