جنگِ عظیم دوم کے ہیرو ایلن ٹیورنگ کا اے آئی اوتار نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا

August 01, 2024

ـــ فائل فوٹو

جنگِ عظیم دوم کے ہیرو، کمپیوٹر سائنس اور اے آئی ٹیکنالوجی کے گاڈ فادر ایلن ٹیورنگ نمائش میں شرکاء کے سوالوں کے جواب خود دیں گے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ایلن ٹیورنگ کو جلد ہی ملٹن کینز کے قریب بلیچلے پارک میں دیکھا جا سکے گا جو دوسری جنگ عظیم کے دوران برطانوی کوڈ توڑنے والوں کے لیے ایک خفیہ جنگی اڈہ تھا۔

بلیچلے پارک میوزیم میں ایلن ٹیورنگ کا اے آئی اوتار نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا جو نمائش میں آئے شرکاء کو ایلن ٹیورنگ کی زندگی اور کام کے بارے میں پوچھے سوالات کے جوابات بھی دے سکے گا۔

یہ اے آئی کردار مختلف زبانوں میں بات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور شرکاء کی تعداد اور ان کی عمر کے حساب سے ان کے ساتھ بات چیت کرے گا۔

اس حوالے سے منتظمین کا کہنا ہے کہ اے آئی پر بلیچلے پارک میں ایک نئی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے ہم اپنے صارفین کو ایک نئے اور دلچسپ انداز میں جنگ عظیم دوم کی کہانیاں سنانےکے منتظر ہیں۔

اس نمائش کو برطانیہ کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس فرم کے ساتھ مل کر تیار کیا جا رہا ہے اور ابھی اسے مکمل ہونے میں کچھ ماہ لگیں گے۔

یاد رہے کہ ایلن ٹیورنگ نے اینیگما مشین کو ڈی کوڈ کرکے نازی جرمنی کو شکست دینے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔

اُنہوں نے جنگِ عظیم دوم کے بعد ڈیجیٹل کمپیوٹر کا واضح آرکیٹیکچرل ڈیزائن بھی تیار کیا تھا۔