تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

March 27, 2014

تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidijanggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
سوال۔سر میں بی بی اے آنرز کر رہی ہوں اور میں اپنی موجودہ تعلیمی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں کیونکہ میں چارٹرڈ اکائونٹنٹ بننا چاہتی تھی لیکن میں نے اپنے بڑوں کے مشورے کے مطابق بزنس کی تعلیم شروع کی میں جس یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہوں ان کا گریڈنگ سسٹم بہت سخت ہے میں ایک ذہین طالبہ ہوں لیکن میں اس ڈگری میں کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا پائی، میری آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں میں ماسٹرز میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں؟ (کلثوم خان،خانیوال)
جواب۔بزنس اسٹڈیز ایک بہت بہترین مضمون ہے اور میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ اپنی ڈگری جاری رکھیں اور کوشش کریں کہ آپ ایک اچھا سی جی پی اے حاصل کرنے میں کامیاب ہوں۔ ماسٹرز کے لئے آپ فنانشل مینجمنٹ یا اسلامک بینکنگ کا انتخاب کر سکتی ہیں جو کہ آپ کو ایک بہترین اکائونٹنٹ بننے میں مددگار ثابت ہو گا۔
سوال۔میرا بیٹا بی ایس آنرز فزکس کے پانچویں سیمسٹر میں ہے اور COMSATS یونیوسٹی لاہور میں زیر تعلیم ہے اس کی ابھی تک کی مجموعی پرسنٹیج 60سے 70فیصد ہے مجھے آپ سے یہ جاننا ہے کہ وہ اپنے بہترین مستقبل کے لئے ایم ایس میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرے؟(امین سلیمان،لاڑکانہ)
جواب۔اگر آپ کا بیٹا بی ایس فزکس میں مکمل کرتا ہے تو بین الاقوامی سطح پرموجود یونیورسٹیوں میں اس مضمون کے حوالے سے پاکستانی طلبہ کیلئے چند پابندیاں موجود ہیں اور مجھے ڈر ہے کہ آپ کا بیٹا اس ایریا میں انٹرنیشنل لیول پر ہائر ایجوکیشن نہیں جاری رکھ پائے گا۔چنانچہ آپ کے بیٹے کے لئے بہترین مضمون اور اسپیشلائزیشن سوفٹ ویئر انجینئرنگ /ڈیولپمنٹ ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ کے بیٹے کے پاس کمپیوٹر کے حوالے سے بنیادی معلومات ضرور ہوں گی۔
سوال۔ سرمیں نے بی ایس سی کے پیپر دیئے ہیں اور میں ایم ایس سی زولوجی میں داخلہ لینا چاہتا ہوں کیا میرے لئے زولوجی کا شعبہ بہتر ہے؟ میں مونٹیسری میں بھی ایک سال کاڈپلومہ کر رہا ہوں۔برائے مہربانی مجھے اس مضمون کے حوالے سے ملازمت کے مواقع بتائیں اور اس کی مانگ کہاں زیادہ ہے؟ کیا اس ڈپلومہ کی بنا پر بیرون ملک مونٹیسری اسکول میں ملازمت حاصل کی جا سکتی ہے؟ (علی عمران۔کوہاٹ)
جواب۔ میرا مشورہ ہے کہ آپ زولوجیکل سائنس کے بجائے بائیولوجیکل سائنس میں ماسٹرز کریں۔ مونٹیسری اور ارلی چائلڈ ہڈ اسپیشلسٹ کی اندرون اور بیرون ملک اچھی مانگ ہے۔
سوال۔محترم عابدی صاحب میں آپ کی محنت اور خدمات کی قدر کرتا ہوں۔ کیریئر کونسلنگ کے لئے پاکستان میں کوئی باقاعدہ ادارہ نہیں ہے جس سے طالب علم اور والدین رہنمائی حاصل کر سکیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ اسکول میں داخلے کے لحاظ سے بچوں کی بہترین عمر کونسی ہے۔3,4,5یا 6 سال؟ (ایمان نجیب۔شیخوپورہ)
جواب۔ اسکول میں داخلے کے لئے تین سال کی عمر بہترین تصور کی جاتی ہے۔اس عمر کے بچے پری اسکول اور نرسری میں جانا شروع کردیتے ہیں۔اس سے بچے کو اسکول کے ماحول کی آگہی ملتی ہے اور اس کانئے ماحول میں جانے کا ڈر کم ہوتا ہے۔اس پورے عمل کو پیرنٹ چائلڈ سیپیریشن کہتے ہیں اور اس عمل کا مقصد بچے میں خوداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
سوال۔سرمیں نے 2012ء میں ایک گائوں کے ڈگری کالج سے گریجویشن کیا ہے اور اب میں اکنامکس میں ماسٹرز کر رہا ہوں برائے کرم مجھے ماسٹرز کے بعد ملازمت کے امکانات اور مواقع کے بارے میں بتائیں اور مجھے مشورہ دیں کے میں کس فیلڈ میں اپنا کیریئر بنائوں؟ (سجاد شاہ،بکھر)
جواب۔اکنامکس ایک بہت مضبوط مضمون ہے اور میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنا ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد بڑے شہر کی طرف آئیں اور ڈپلومہ بینکنگ اینڈ فنانس میں کریں، اس سے آپ کو کیریئر بنانے کے مواقع اور ذرائع حاصل ہوں گے۔