آسٹریلوی پادری نے 45 برس چرچ میں وقف کرنے کے بعد اسلام قبول کرلیا

August 02, 2024

ـــ فوٹو بشکریہ فیس بک

آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے زندگی کے 45 سال چرچ میں وقف کرنے کے بعد اسلام قبول کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، گولڈ ڈیوڈ نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام عبدالرحمٰن رکھا ہے۔

رپورٹ میں بتایا ہے کہ گولڈ ڈیوڈ اپنے بہنوئی کے جنازے میں شرکت کے لیے پرتھ کے سفر کے دوران اسلام سے اس وقت متاثر ہوئے جب اُنہوں نے پرتھ کی مرکزی مسجد سے محض 150 میٹر کے فاصلے پر ایک ہوٹل بک کیا۔

پرتھ کی مرکزی مسجد کے قریب قیام کے دوران اچانک ان کا دل چاہا کہ وہ اس مسجد میں جائیں جس کے بعد وہ مسجد میں گئے اور وہاں کے امام سے ملاقات کی جنہوں نے اُنہیں تحفے میں قرآن پاک دیا۔

اس حوالے سے گولڈ ڈیوڈ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ برسوں سے میرے قرآن مجید رکھا ہوا ہے لیکن بمشکل اسے چھوا کبھی پڑھا نہیں لیکن پرتھ میں مسجد سے جب میں واپس ہوٹل میں گیا تو گھٹنے ٹیک کر خدا سے دعا کی کہ مجھے مکمل سچائی دکھا، اسلام سچ ہے یا نہیں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں نے گھٹنے ٹیک کر دعا کی پھر میں نے بیٹھ کر قرآن پڑھا اور اسے پڑھتے ہوئے مجھے فکری، جذباتی اور روحانی طور پر احساس ہوا کہ یہ خدا کا سچا کلام ہے۔