کم عمر یوٹیوبر محمد شیراز کی وزیر اعظم سے ایک بار پھر گاؤں میں پانی کے ذخائر بنانے کی درخواست

August 02, 2024

پاکستان کے سب سے کم عمر یوٹیوبر محمد شیراز نے بارش سے متاثر اپنے گاؤں میں پانی کے ذخائر بنانے کی ایک بار پھر درخواست کر دی۔

محمد شیراز جو اپنی وی لاگز میں گاؤں کی زندگی کو اجاگر کرتے رہتے ہیں، پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے، ان کی کرسی پر بیٹھنے والے پاکستان کے کم عمر ترین یوٹیوبر بھی ہیں۔

انہوں نے اپنے نئے وی لاگ میں حالیہ بارش سے پہنچنے والے نقصان کے بارے میں بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ناظرین، ہم سیلاب سے متاثر ہوگئے ہیں، ہماری فصلیں سیلاب میں ڈوب گئی ہیں لیکن خدا کا شکر ہے کہ اب بھی ہمارے پاس انتظام ہے۔

ننھے وی لاگر نے بتایا کہ البتہ اگر مخالف سمت سے بارش ہوئی تو سب کچھ ڈوب جائے گا۔

محمد شیراز نے شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے بتایا کہ جب میں وزیراعظم سے ملا تھا تو میں نے انہیں بتایا تھا کہ بارش کی وجہ سے ہمارے گاؤں کو ہرسال سیلاب کا خطرہ رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر میں نے ان سے درخواست کی تھی کہ پانی کے ذخائر بنائیں، تاکہ ہم سیلاب سے بچ سکیں۔

انہوں نے اپنی درخواست دہراتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم، پانی کے ذخائر بنا دیں اور ا کی تعمیر میں ہماری مدد کریں۔ میں وزیراعظم پاکستان سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی ہماری مدد کریں۔