اسماعیل ہنیہ کو علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا

August 02, 2024

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، شہید حماس رہنما کو علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ دوحہ میں قطر کی سب سے بڑے مسجد امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور والد شیخ حمد بن خلیفہ نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ میں حماس رہنما خالد مشعل، اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں، حماس اور مزاحمتی تحریکوں کے نمائندوں اور دنیا بھر سے آئے اہم افراد نے شرکت کی۔

اسماعیل ہنیہ کو دوحہ لوسیل قبرستان میں معروف مذہبی مبلغ اور ممتاز عالم دین علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان بھی شریک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔

علامہ یوسف القرضاویاخوان المسلمین سے وابستہ تھے اور 1960 کی دہائی کے اوائل میں مصر سے قطر کے لیے روانہ ہوئے تھے، انہوں نے قطر یونیورسٹی میں فیکلٹی آف شریعہ کے ڈین کے طور پر خدمات انجام دیں جس کی بنیاد پر انھیں 1968 میں قطری شہریت دی گئی تھی۔

علامہ یوسف القرضاوی کی زکوۃ، اسلامی قوانین کی تشریح اور اسلامی نظام کے نفاذ سے متعلق کتابوں نے عالمی شہرت حاصل کی اور اسلامی جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئیں، 26 ستمبر 2022 کو 96 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوا تھا۔