حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ گرفتار، لاکھوں روپے برآمد

August 03, 2024

جنگ فوٹوز

کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے برآمد کر لیے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔

اس دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے کارندے، ملزم مبشر احمد کو بولٹن روڈ میں واقع فلک کارپوریٹ ٹاور سے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے گھناونے جرم میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔

چھاپے کے دوران ملزم سے 57 لاکھ 14 ہزار سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد کیے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سے حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ، بینک ڈیپازٹ سلپس اور رجسٹرز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ملزم سے ٹیلی گرافک ٹرانسفر کے حوالے سے بھی ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزم بغیر لائسنس حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا جسے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔