کوہاٹ: باپ نے نومولود جڑواں بیٹیوں کو قتل کردیا

August 03, 2024

کوہاٹ میں باپ نے 35 دن کی جڑواں بیٹیوں کو قتل کردیا، ملزم نے گرفتاری کے بعد اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اسے بیٹیاں پسند نہیں تھیں۔

ملزم نے بچیوں کو دس دن پہلے قتل کرنے کے بعد دفنا دیا تھا، ملزم کی نشاندہی پر لاشیں نکال لی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اسے بیٹیاں پسند نہیں تھیں۔ ملزم نے بچیوں کو پانی کے ڈرم میں ڈبو کر قتل کرنے کے بعد انہیں دفنا دیا تھا اور اپنی بیوی کو دھمکی دی کہ کسی کو بتایا تو طلاق دے دوں گا اور قتل کر دوں گا۔

پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا اور اس کی نشاندہی کے بعد عدالتی اجازت سے قبر کشائی کی گئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچیوں کے پھپپھڑوں میں پانی جمع ہو گیا تھا۔

ملزم کا تعلق میانوالی سے ہے اور کوہاٹ کے نواحی گاؤں بھورہ گھڑی کے قریب مال مویشی کے نجی فارم میں ملازم ہے۔