تنقید کرنے والوں سے گزارش ہے سکھر شہر کا دورہ کریں، میئر سکھر

August 04, 2024

فوٹو: اسکرین گریب

ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر میں بارش سے شہریوں کو درپیش مسائل سے متعلق خبروں پرکہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سکھر سے متعلق جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ حقیقت کے برعکس ہیں، میری تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ سکھر شہر کا وزٹ کریں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سکھر میں 18 گھنٹے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، الحمدللّٰہ کچھ گھنٹوں میں 95 فیصد علاقوں کو 100 فیصد کلیئر کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرانا سکھر کے علاقے جو ماضی میں کم برسات سے ڈوب جاتے تھے، وہ موسلادھار بارش کے باوجود چند گھنٹوں میں کلیئر کردیئے ہیں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ سکھر شہر کے 5 فیصد علاقوں میں شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ڈگری کالج اور گھنٹہ گھر کے علاقے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھنٹہ گھر کی ویسٹ ڈسپوزل اسٹیشن کے جنریٹر میں تکنیکی خرابی آئی، وہاں اب اسٹینڈ بائی جنریٹر شفٹ کردیا ہے تاکہ آنے والی بارش میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گھنٹہ گھر ویسٹ ڈسپوزل پر 2 ارب روپے خرچ کرنے کی باتیں درست نہیں، گھنٹہ گھر کی ویسٹ ڈسپوزل کی اپ گریڈیشن کا کام مون سون سیزن کے بعد شروع کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لیے تنقید نہ کی جائے، جو عملہ دن رات کام کر رہا ہے، اس کی حوصلہ افزائی کی جائے، ہمیں تنقید سے کوئی پریشانی نہیں، پریشانی صرف شیطان پسند لوگوں سے ہے جو سکھر شہر سے نفرت کرتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے مزید کہا کہ انتظامیہ، سکھر میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشز اور یونین کمیٹیز سب مل کر شہر کے لیے کام کر رہے ہیں۔