مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک میں سب کو رہنے کا حق ہے، برطانوی وزیراعظم

August 04, 2024

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک میں سب کو رہنے کا حق ہے۔

ڈاوننگ اسٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ دائیں بازو کے غنڈوں سے قانون پوری قوت سے نمٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ بےامنی پھیلانے والے پچھتائیں گے، بےامنی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یہ احتجاج نہیں، غنڈہ گردی ہے جس کی ہماری شاہراؤں پر کوئی جگہ نہیں، رادھرم میں سیاسی پناہ گزینوں کے ہوٹل پر حملہ قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہفتے کی شب ہنگامے میں ملوث تقریباً 250 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ہنگامہ آرائی میں ملوث ملزمان کو سزائیں دینے کےلیے حکومت نے عدالتیں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ لیور پول، ہل، برسٹل، مانچسٹر، اسٹول آن ٹرینٹ، بلیک پول اور بیلفاسٹ میں دائیں بازو کے حامیوں نے ہنگامہ آرائی کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی انتباہ کے باوجود دائیں بازو کے حامی آج بھی مختلف شہروں میں احتجاج کریں گے، ہفتے کی شب دائیں بازو کے حامیوں کو جوابی مظاہروں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔