سابق نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز نے بجلی کے بل کم کرنے کی تجاویز پیش کر دیں

August 05, 2024

فائل فوٹو

سابق نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز نے بجلی کے بل کم کرنے کی تجاویز پیش کر دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں پر تمام ٹیکسز ختم کیے جائیں، آئی پی پیز کو 2 ہزار ارب روپے کی ادائیگیاں روکی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو صرف بجلی پیدا کرنے پر ادائیگیاں کی جائیں، ماہانہ200 یونٹ والے بجلی صارفین کا نرخ 10 روپے فی یونٹ سے کم مقرر کیا جائے، دیگر تمام صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 30 روپے فی یونٹ سے کم ہونی چاہیے۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے مہنگائی 12 فیصد کی سطح پر آگئی ہے، مہنگائی میں کمی کے باوجود شرح سود 19.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

سابق نگراں وزیر نے کہا کہ شرح سود کو 12 فیصد کی سطح پر لایا جائے، شرح سود میں کمی سے حکومت کا قرضہ 3 ہزار ارب روپے کم ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس 15 فیصد مقرر کیا جائے، مقامی ایکسپورٹ انڈسٹری کو زیرو ریٹیڈ کیا جائے، ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے نو ٹیکس نو ریفنڈ کی پالیسی بحال کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ اور انڈسٹریل پالیسی کے لیے ٹاسک فورس قائم کی جائے، ٹاسک فورس 10 سالہ ایکسپورٹ اور انڈسٹریل پالیسی تیار کرے۔