بالی ووڈ میں اب صرف عزت ملتی ہے کام نہیں، کمار سانو پھٹ پڑے

August 07, 2024

میں نہیں جانتا ہے کہ اب انکا پیار سچا بھی ہے یا صرف دکھاوے کےلیے ہے، کمار سانو - فوٹو: فائل

نامور بھارتی گلوکار کمار سانو فلم انڈسٹری میں بطور پلے بیک سنگر کام نہ ملنے پر پھٹ پڑے اور کہا انڈسٹری میں اب صرف عزت ملتی ہے، کام نہیں ملتا۔

1990 کے عشرے کی فلموں کے گیتوں کو پسند کرنے والا شاید ہی کوئی ہو جس نے کمار سانو کے گانے نہ سنے ہوں۔

تاہم 2015 کی فلم دم لگا کے ہیشا کے گانے درد کرارا کے بعد سے کمار سانو نے بالی ووڈ فلم میں کوئی گانا نہیں گایا، تاہم 2018 کی فلم سمبا میں گانے آنکھ مارے میں انکی آواز کا دوبارہ استعمال کیا گیا تھا۔

ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ اب مداح انہیں فلموں میں نہیں سن پاتے تو اس پر کمار سانو نے جواب دیا کہ انکا فلم انڈسٹری میں سفر انتہائی شاندار رہا۔ لوگ اب ملتے ہیں، عزت دیتے ہیں، پیار دیتے ہیں لیکن نہ جانے کیوں ہندی فلموں کےلیے میری آواز کا استعمال نہیں کیا جاتا۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نہیں جانتا ہے کہ اب انکا پیار سچا بھی ہے یا صرف دکھاوے کےلیے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کمار سانو کا کہنا تھا کہ اگر ہم گا سکتے ہیں تو ہم سے گانے کیوں نہیں گوائے جاتے؟ فلم سازوں کو آخر یہ خیال کیوں نہیں آتا؟

انہوں نے کہا کہ میں شوز کرتا ہوں، ابھی بھی میرے چاہنے والے موجود ہیں، میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں شو کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہوتی ہیں۔

کمار سانو کا کہنا تھا کہ شاید میں ابھی پبلک ڈیمانڈ ہوں۔ اگر انڈسٹری والے سمجھ جائیں تو اچھی بات ہے، نہیں تو انکی قسمت ہے۔