کیدار ناتھ بھٹا چاریہ المعروف کمار سانو سن نوے کے عشرے کے بالی ووڈ کے گلوکار ہیں، انہیں کنگ آف میلوڈی بھی کہا جاتا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں 66 سالہ کمار سانو نے بالی ووڈ میں ہونے والی سیاست کا ذکر کیا اور اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے چیلنجز پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں انڈسٹری میں پائی جانے والی سیاست کا بھی سامنا کرنا پڑا اور یہ اب بھی درپیش ہے، لیکن ایسی صورتحال کا سامنا بطور ایک انفرادی آدمی یا ایک سچے آرٹسٹ کے طور پر کرنا چاہیئے۔
مغربی بنگال میں پیدا ہونے اور فلم عاشقی، دیوانہ اور بازی گر جیسی ہٹ فلموں کے لیے اپنی گلوکاری کے حوالے سے شہرت کے حامل کمار سانو کا کہنا تھا کہ میں نے 10 گیت کورس کی شکل میں سنے اور جب ان گائیکوں سے میں ملا تو انہوں نے میرا بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا، ان میں کچھ لوگ کوئی بات کر رہے تھے لیکن ہمیں ردعمل دینے کی ضرورت نہیں تھی۔
کمار سانو کے مطابق ہمیں اپنے ردعمل کا اظہار اپنی گائیگی اور فن سے کرنا ہوتا ہے، ممبئی کی فلمی دنیا میں صرف ایک چیز اہم ہے اور وہ کام ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنا جواب کام کے ذریعے دیتے ہیں، لہٰذا کسی غیر ضروری لڑائی کا حصہ نہیں بننا چاہیئے، میرے بڑی فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ بڑے ہیروز کا اپنا ایک ذاتی سرکل اور لابی ہوتی ہے۔
کمار سانو نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ اس لابی میں جگہ بنالیں تو پھر یہ لابی آپ کو کام دینا شروع کردیتی ہے، اس سے باہر میری طرح کے خودار لوگ ہوتے، میں کسی کے پاس کام مانگنے نہیں گیا۔