معروف بھارتی گلوکار کمار سانو نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے’گن پوائنٹ‘ پر اپنا ایک گانا 16 بار گایا تھا۔
کمار سانو نے ’دی کپل شرما شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی کہ جہاں اُنہوں نے اپنے موسیقی کے کیریئر کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسٹیج پر لائیو پرفارم کر رہا تھا اور سب لوگ گانا سن کر لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اچانک میں نے دیکھا کہ وہاں شرکاء میں کچھ لوگ AK47 رائفلیں لے کر بیٹھے تھے اور میں جو بھی گانے گاتا وہ ہوا میں ایک فائر کرتے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جیسے ہی میں نے اپنا گانا ’میں دنیا بُھلا دونگا‘ چھوڑ کر دوسرا گانا گنگنانا شروع کیا تو رائفل کے ساتھ ایک آدمی آیا اور مجھ سے کہنے لگا کہ آپ کو کس نے یہ گانا گانے سے رُکنے کو کہا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ شراب کے نشے میں دُھت اس شخص نےمجھ سے کہا کہ یہ اس کا پسندیدہ گانا ہے، اس لیے سانو جی، میں یہ گانا ایک بار پھر سننا چاہتا ہوں اور آپ کو یہ گانا میرے لیے دوبارہ گانا ہوگا، یہ سن کر میں ڈر گیا۔
کمار سانو نے انکشاف کیا کہ اس دن مجھے اس شخص کے لیے اپنا ایک ہی گانا 16 بار گانا پڑا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پھر وہ لوگ بندوقیں لے کر اسٹیج پر آئے اور خود گانے لگے، اب جب میں نے دیکھا کہ ماحول خراب ہو رہا ہے تو میں عجلت میں پیچھے سے نکلا اور قریبی ہوٹل میں ٹھہر گیا لیکن وہاں صبح 5 بجے تک فائرنگ جاری رہی۔
واضح رہے کہ کمار سانو کو 1990ء میں ریلیز ہونے والی مہیش بھٹ کی فلم ’عاشقی‘ سے شہرت ملی ۔