مشرقی وسطیٰ کے ممالک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں،پاکستان

July 23, 2016

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان نے ’مشرقی وسطیٰ کے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے اور بیگناہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا کریں اور وہاں انسانی حقوق کی پائمالی کے خلاف بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائیں،مصیبت کا شکار کشمیری عوام مسلمان بھائیوں کی حمایت اور ہمدردی کے منتظر ہیں،۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے اسلام آباد متعین مشرق وسطی کے ممالک کے سفیروں سے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ان سفیروں کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ مشرق وسطی کے ممالک میں اپنے مسلمان بھائیوں سے اس موقعہ پر ہمدردی اور حمایت کے منتظر ہیں اور بھارتی فورسز کی جانب سے ہونے والے مظالم کو روکنے کے لئے ان کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ اس وقت ایک مصیبت کا شکار ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی ریاستوں کے سفیروں کو باور کرایا کہ یہ وقت کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور مسلم اُمہ سے اتحاد کے اظہار کا ہے جس کا مظاہرہ ضرور ہونا چاہئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ کی ریاستوں میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی شہری بسلسلہ روزگار مقیم ہیں اور وہ خطیر رقوم کا زرمبادلہ اپنے ملک کو بھیجتے ہیں جس کے پیش نظر مشرق وسطیٰ کی ریاستوں کے حکمران بھارت پر اپنا گہرا اثرو نفوز رکھتے ہیں۔