آج الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں کو حتمی شکل دی جائیگی

July 25, 2016

پارلیمانی کمیٹی آج الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں کو حتمی شکل دے کر تقرریوں کا نوٹیفکشن جاری کر دے گی،ممبران منگل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویزرشید کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی آج الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں کو حتمی شکل دے کر منظوری کےلیے صدر مملکت کو بھجوائے گی ،جن کی منظوری کے بعد آج ہی الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہو نا آئینی تقاضا ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن راہنما خورشید شاہ پہلے ہی الیکشن کمیشن ممبران نام طے کر چکے ہیں،کمیٹی سے منظور ی صرف آئینی ضرورت پوری کرنے کے لئے ہے، جس کے مطابق کمیٹی ممبران کے انٹرویو کرے گی۔

ذرائع کے مطابق گریڈ 22کی آفیسر نرگس گھلو ممکنہ طور پر الیکشن کمیشن کی ممبر نامزد ہو جائیں گی،وہ پاکستان اسٹیٹ لائف انشورنس کی چیئرپرسن ہیںجبکہ بلوچستان سے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کے نام پر اتفاق رائے ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کے 7 ووٹ ہیں جبکہ تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور اے این پی کے پاس ملا کر 5 ووٹ بنتے ہیں۔