سندھ کی ساحلی پٹی پر باریک جال کے استعمال میں اضافہ

July 26, 2016

سندھ کی ساحلی پٹی پرغیر قانونی باریک جال کے استعمال میں اضافہ ہوگیا، مچھلیوں کے انڈے اور بچے پکڑنے سے مچھلیوں کی افزائش کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

سمندری حیات کو تباہ کرنے والے غیر قانونی باریک جال کے استعمال میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ مقامی ماہی گیروں کی شکایات پر محکمہ فشری نے ایکشن لیا اور بڑی تعداد میں باریک جال ضبط کر لئے۔

محکمہ فشری میرین کی ڈائریکٹر رخسانہ چودھری کا کہنا ہے کہ باریک جال کے استعمال پر مکمل پابندی ہے، باریک جال کے استعمال سے آبی حیات شدید متاثر ہورہی ہے۔

ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ یہ مافیا ہزاروں روپے مالیت کی مہنگی مچھلیاں پکڑ کر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہی ہے ۔ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ باریک جال سے انڈوں سمیت چھوٹی مچھلیوں کو پکڑ کر یہ مافیا صرف 10 روپے کلو کے حساب سے مرغی کی غذا کے لئے فیکٹریوں کو فروخت کردیتی ہے، حکومت اس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے۔