شاہد پاشا ، قمرمنصور ، کنور نویدسمیت 38ملزمان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ

August 26, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے پاکستان مخالف نعر ے لگانے ، غداری اور ٹیلی گراف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں شاہد پاشا ، قمرمنصور ، کنور نوید جمیل سمیت 38ملزمان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ سماعت کے بعد ملزمان نے پاکستان زندہ باداور ڈی جی رینجرززندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ جمعرات کو پولیس نے متحدہ رہنمائوں شاہد پاشا، قمرمنصور ، کنور نوید جمیل اور کارکنان ندیم ، ذوالفقار ، نیاز ، عرفان ، محمد عامر سمیت 37ملزمان کو سخت سیکورٹی میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا۔ ملزمان کی آنکھوں پر پٹیاں جبکہ ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں۔جبکہ قمر منصور کو وہیل چیئر پر لایا گیا۔دوران سماعت مقدمہ کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے متحدہ قائد کی ایما پر پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستان کے خلاف نازیبا نعرے لگائے جو کہ ملک سے غداری کے زمرے میں آتے ہیں ملزمان کے خلاف پریس کلب سے متصل مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے تصاویر حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ موبائل ڈیٹا سے بھی مدد لی جا رہی ہے ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایک ملزم اسپتال میں زیر سماعت ہے جبکہ دیگر گرفتار37 ملزمان سے تفتیش کرکے عدم گرفتا رملزمان کو گرفتار کرنا ہے اور ملزمان سے تفتیش میں مزید شواہد سامنے لانا ہیں لہذااستدعا ہے کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا جائے ۔تفتیشی افسر کے مطابق مقدمہ میں متحدہ قائد ، ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 15سوسے 2ہزار افراد کو فرار ظاہر کیا گیا ہے ۔ عدالت نے ملزمان کو ایک روزہ پولیس ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا اور مقدمہ کے تفتیشی افسر کو پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میں پاکستان مخالف نعرے لگائے، ملک سے غداری اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔