فہد ملک قتل کیس: مرکزی ملزم راجہ ارشد طورخم سے گرفتار

August 28, 2016

سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کے بھانجے فہد ملک کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو بیرون ملک فرار کی کوشش میں افغانستان جاتے ہوئے طور خم بارڈر سے گرفتارکرلیا گیا ہے ،جسے آج اسلام آباد منتقل کیے جانے کا امکان ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نےبرطانوی شہری بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم راجہ ارشد کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنادی، ملزم کو افغانستان جاتےہوئے طورخم بارڈر سے گرفتار کرلیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی پوچھ گچھ میں راجہ ارشدنے بیان دیا کہ وہ افغانستان کے ذریعے یورپ جا نا چاہتا تھا ، پہلے چمن کے ذریعے بارڈر کراس کرنے کی کوشش کی اور اب طور خم بارڈر پر پکڑا گیا۔

راجہ ارشد نے قانون نافذ کرنے والوں کو بتایا کہ اس کا پاسپورٹ منسوخ تھا، نام ای سی ایل پر تھا، اسی لیے افغانستان کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ ارشد کو آج ہی اسلام آباد منتقل کیے جانے کا امکان ہے ۔