تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

September 22, 2016

س۔سر میں نے بی ایس سی کیمسٹری کرنے کے بعد دو سالہ ماسٹرز آرگینک کیمسٹری میں کیا ہے اور میری خواہش ہے کہ میں اپنا ایم ایس اپلائیڈ کیمسٹری میں بیرون ملک سے کروں،آپ مجھے کیا تجویز کریں گے مجھے کیا کرنا چاہئے؟ آپ کی رہنمائی کا بیحد مشکور رہوں گا۔( زبیر احمد،کوئٹہ)
ج۔میرے خیال میں ایک طویل عرصہ کیمسٹری پڑھنے کے بعد ایک اور ماسٹرز اسی فیلڈ میں بیرون ملک سے کرنے سے آپ کے کیریئر کو کوئی خاطر خواہ مدد نہیں ملے گی،میں یہ مشورہ دونگا کہ اپنی موجودہ ڈگری کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ اس کو ایسے نئے اُبھرتے ہوئے ایریاز سے منسلک کریں جس سے آپ کے لئے کیریئر کے بہترین دروازے کُھل سکیں،اور ایسا ہی ایک ایریا ایم ایس سی ڈی این اے اینلسز یا ایم ایس سی ڈی این اے اینلسز اور بائیو میٹرکس ہو سکتا ہے۔
س۔میں نے ایل ایل بی کی ہے اور پیشہ سے میں ایک وکیل ہوں لیکن انتھک محنت اور لا تعداد کوششوں کے باوجودبھی میں ایک کامیاب وکیل نہیں بن سکا،یہ شاید اس لئے کہ میں کلائنٹس کو اپنی طرف مدعوکرنے اور چند فرضی کہانیاں سُنانے سے قاصر ہوں،اب مایوس ہو کر میں اپناکیریئربزنس یا اس سے متعلقہ کسی فیلڈ میں بنانا چاہتا ہوں بجائے ایک پریکٹسنگ لائر کے،برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں ( نعیم خان،لاہور)
ج۔ جیسا کہ آپ ایک وکیل ہونے کے ناطے قانونی پہلوئوں سے بخوبی واقف ہیں اورآپ نے بہت سے ایسے مضامین پڑھے ہیں جن کی بناء پر آپ کو وکالت کی ڈگری ملی ہے‘ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ایل ایل ایم میں اپنااسپیشلائزیشن کا انتخاب کریںجس میں بزنس لاء ،انٹر نیشنل ٹریڈ لاء ،انٹرنیشنل ایچ آر ایم،بینکنگ لاء،ٹیکس لاء وغیرہ شامل ہیں،آپ ان میں سے کسی بھی ایک اسپیشلائزیشن کا انتخاب کر سکتے ہیں اور یہ آپ پاکستان اور بیرون ملک کسی بھی اچھی یونیورسٹی سے کر سکتے ہیں۔
س۔میں نے ایم کام کیا ہے اورا ین ڈی ایم کے اکاؤنٹس اور فنانس کے ڈپیارٹمنٹ میں بطور اسسٹنٹ منیجر کام کر رہا ہوں،میں اپنے کیریئر میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں اور اُس کیلئے مجھے کونسی ایسی پروفیشنل کولیفکیشن کرنی پڑے گی؟ (سکندر ایوب، کراچی)
ج۔جیسا کہ آپ پہلے ہی ایک ماسٹرز کر چکے ہیں اور اکاؤنٹس کا آ پ کے پاس تجربہ ہے تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کا سرٹیفکیٹ کرسکتے ہیں یا جیسا کہ آپ گورنمنٹ کے ایک بہت اچھے ادارے میں کام کر رہے ہیں (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان)تو آپ ڈپلومہ یا ماسٹرز ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،کرائسز مینجمنٹ،Rehabilitation میں سے کسی بھی ایک اسپیشلائزیشن کا انتخاب کر سکتے ہیں اور یہ آپ کے موجودہ تجربے سے منسلک ہو جائے گا اور آپ این ڈی ایم کے میں بہتر مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔
س۔میرے بیٹے نے او لیول میں تمام سائنس کے مضامین رکھے ہیں اور اس کا ارادہ میڈیسن پڑھنے کا ہے،برائے کرم مجھے یہ بتائیںکہ وہ اے لیول کرے یا ایف ایس سی سسٹم کے ذریعے داخلے کے لیے اپلائی کرے کیونکہ اے لیول کے بچوں کے نمبر کم ہوجاتے ہیں،میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کی اچھی میڈیکل یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کرے اوروہ محنتی بھی بہت ہے(مسز خدیجہ،لاہور)
ج۔اگر آپ کا بیٹا پاکستان میں ایم بی بی ایس کرنا چاہتا ہے تو میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ ایف ایس سی سسٹم کا ہی انتخاب کرے ،جیسا کہ آپ جانتی ہیںکہ اے لیول کے آئی بی سی سی کی ایکوالنس کے وقت بچوں کے نمبرز کم ہو جاتے ہیں اور طالبعلموں کومیڈیکل کا انٹری ٹیسٹ بھی لازمی پاس کرنا پڑتا ہے،لہٰذا اے لیول کے بچوں کو اس میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے،جیسا کہ آپ نے کہا کہ آپ کا بیٹا بہت محنتی ہے تو مجھے اُمید ہے کہ وہ او لیول میں اچھے گریڈز حاصل کر لے گا۔


.