یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے کردارادا کرے، چوہدری یٰسین

September 29, 2016

برسلز (جنگ نیوز) آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ اس وقت وہ واحد ادارہ ہے جو جو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ یورپی یونین اس وقت27ممالک پر مشتمل ہے۔ اس وقت پاک، بھارت کشیدگی بڑھ چکی ہے، جس پر امریکہ سمیت دیگر ممالک اپنی تشویش کا اظہار کرچکے ہیں اور ایسے وقت میں یورپی یونین کی طرف سے مسئلہ کشمیر اٹھانے سے یہ ایک بار پھر دنیا میں اجاگر ہو جائے گا اور مسئلہ کے حل کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک حق خود ارادیت موومنٹ یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت کی جانب سے یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کی چیئرپرسن مس انتھیا مکلائنٹر اور دیگر عہدیداران کے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ میں کیا۔ چوہدری محمد یٰسین کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین نافذ کر رکھے ہیں، کشمیری عوام بھارتی فوج کے ہاتھوں ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو ان واقعات اور مظالم کا نوٹس لینا ہوگا یورپ میں پرامن مظاہروں اور تقریبات کے ذریعے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروا رہے ہیں تاکہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے راہ ہموار ہوسکے۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ اسے دیرینہ تنازع حل کرانے کیلئے آگے آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے تصفیہ کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، کشمیری قوم حق خود ارادیت کے سوا کسی دوسرے حل یا فارمولے کو کسی قیمت پر قبول کرنے کو تیار نہیں۔ چوہدری یٰسین نے کہا کہ اس حقیقت کو ساری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ تنازع کشمیر کے تصفیے کے بغیر برصغیر میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا جبکہ بھارت کی طرف سے کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے کے ساتھ وادی پر تسلط قائم رکھنے کی ضد کا تاثر نمایاں ہے۔ انہوں نے یورپین پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے بھارت کو مجبور کیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا کے ڈیڑھ ارب سے زائد عوام کو امن، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ پاکستان مذاکرات کیلئے ہمیشہ کی طرح آج بھی تیار ہے۔ اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر، سیاچن اور سرکریک جیسے تنازعات پرامن طور پر حل کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔ اس کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ اس خطے میں امن و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ چوہدری محمد یٰسین نے مزید کہا کہ یورپی پارلیمنٹ دنیا میں مسائل حل کرانے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے جس میں شام کے مہاجرین کا مسئلہ حل کرانے سمیت دیگر مسائل شامل ہیں اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی یورپی یونین اپنا کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں برسلز میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے چوہدری محمد یٰسین کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے اراکین سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے مسئلہ کشمیر پر یورپین پارلیمنٹ میں موثر پالیسی اختیار کرنے پر پاکستانی سفارت خانے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہاں سے کشمیر کے حق میں اٹھنے والی آواز نہایت اہمیت رکھتی ہے، ہمیں ٹھوس، بھرپور اور موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس کے ذریعے ہم اپنے مظلوم کشمیریوں کی مدد کر سکیں۔