بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم سے روکنا تمام اقوام کی ذمہ داری ہے، افضل خان

September 29, 2016

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)عالمی سطح پر بھارت کی مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو اجاگر کرنے کے لئے تمام کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایاجاسکے۔ ان خیالات کااظہار رکن یورپی پارلیمنٹ محمد افضل خان نے ہاشم ویلفیئر ہسپتال کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوںکو روکنا تمام اقوام کا کام ہے اور کشمیریوںکی آزادی ان کا بنیادی حق ہے ،عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو زندہ رہنے کا حق دلائے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز برطانیہ میںطبی خدمات کے ذریعے خدمت کررہے ہیں اور برطانیہ میںمقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاںہیں۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فزا خان نیازی نے اپنے خطاب میںکہا کہ اوورسیز پاکستانی محنت کرکے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجتے ہیں جو پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے تارکین اس کا وش کو سراہاجانا ضروری ہے۔ڈاکٹر محمد ادریس اعوان بانی ہاشم ویلفیئر ہسپتال نے کہا کہ ہمارا ہسپتال 12 سال سے عوام کی خدمت کررہا ہے اور ہم بے سہارا ، یتیم افراد کی خدمت کرکے فخر محسوس کرتے ہیںہسپتال میںضرورت مندوںکا مفت علاج کیاجاتاہے۔ ڈاکٹر محمد ایاز اصغر نے کہا کہ برطانیہ سے ڈاکٹروںکی ٹیم ہسپتال میں فری علاج معالجہ کے لئے پاکستان جاتی ہے راولپنڈی میںقائم ہاشم ویلفیئر ہسپتال میںتمام جدید سہولیات مریضوںکو مہیا کی جاتی ہیں۔تقریب میںڈاکٹروں، سیاسی، سماجی رہنمائوں کے علاوہ ڈاکٹر تیمور مرزا، ڈاکٹر صائمہ ، ڈاکٹر ہارون یونس پرواز، ڈاکٹر خان، ڈاکٹر عبدالحفیظ، خواجہ کلیم الرحمٰن ، کومل خان، یاسمین عالم، چوہدری محمد شاہد الطاف، باسط شاہ ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں فاریہ ، افی خان، لیاقت مانی نے موسیقی پیش کی۔