اسکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کا خالی عہدہ کس نے سنبھالا؟

May 08, 2024

جون سوینی ـــ فائل فوتو

پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کے مستعفی ہونے کے بعد اسکاٹش نیشنل پارٹی کے رہنما جون سوینی اسکاٹ لینڈ کے نئے فرسٹ منسٹر منتخب ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ہولیروڈ میں ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں جون سوینی اپنے 3 حریف نامزد امیدواروں اسکاٹش لبرل ڈیموکریٹس کے ایلکس کول-ہیملٹن، اسکاٹش کنزرویٹو کے ڈگلس راس اور اسکاٹش لیبر انس سرور پر فتح یاب ہوئے۔

جون سوینی کا اپنی کامیابی پر کہنا ہے کہ وہ منصفانہ طریقے سے قیادت کریں گے اور نئے قوانین بنانے کے لیے ہر طرح کی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے ہے کہ جون سوینی کو اسکاٹش گرینز کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ سے اقتدار میں آنے میں مدد ملی۔

رپورٹ کے مطابق، اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پاس اسکاٹش پارلیمنٹ کے 63 ارکان ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس مجموعی طور پر 65 ارکان ہیں۔

اسکاٹش گرینز کی شریک رہنما لورنا سلیٹر نے کہا کہ اسکاٹش نیشنل پارٹی کو حکومت بنانے کا حق ہے لیکن ہمارے ووٹ کو استعمال کرنے کا حق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حمزہ یوسف کے اسکاٹش گرینز کے ساتھ پاور شیئرنگ ڈیل کو ختم کرنے کے فیصلے نے جس سیاسی بحران کو جنم دیا تھا وہ گزشتہ ہفتے ان کے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بعد ختم ہوگیا۔